اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل کا بارش کے دوران کھاریاں اور لالہ موسیٰ کا ہنگامی دورہ، نکاسی آب کے آپریشن کا جائزہ

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل نے شدید بارش کے دوران کھاریاں اور لالہ موسیٰ کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا ہے تاکہ بارش کے پانی کی فوری اور مؤثر نکاسی کے انتظامات کا خود جائزہ لیا جا سکے۔ اس دورے کے دوران ستھرا پنجاب اور میونسپل کمیٹی کھاریاں کی فیلڈ ٹیمیں اور تمام مشینری ان کے ہمراہ موجود تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف شاہراہوں، تجارتی مراکز اور رہائشی علاقوں کا معائنہ کیا اور عملے کو سخت ہدایات جاری کیں کہ تمام ڈی واٹرنگ سیٹس اور مشینری کو مکمل طور پر متحرک رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احمد شیر گوندل نے کہا کہ تحصیل انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں اور شہریوں کی سہولت کے لیے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ جب تک تمام اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہو جاتا، یہ آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے۔ دوسری جانب شہریوں نے بارش کے دوران اسسٹنٹ کمشنر اور انتظامی ٹیموں کی فیلڈ میں موجودگی اور فوری اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تحصیل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

Exit mobile version