جولائی 27, 2026

مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف 7 اگست کو ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر روڈ بلاک کیا جائے گا: چوہدری اظہر اقبال

ڈنگہ (پ۔ ر) امیر جماعت اسلامی زون پی پی 34 چوہدری اظہر اقبال نے کہا ہے کہ اگر دھاندلی کی پیداوار حکومت برقرار رہی تو وہ وقت دور نہیں کہ لوگ سائیکلوں پر آ جائیں گے اور آسمان سے باتیں کرتی بجلی کی قیمت کے باعث لوگ بجلی کے میٹر ہٹوا کر دیئے جلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 7 اگست کو لیوی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے عوام کے لئے دو وقت کی روٹی مشکل بنائے جانے پر احتجاج کے لئے ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر روڈ بلاک کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے کئے وعدے کے مطابق حکمرانوں نے 15 اگست تک ڈیزل 600 روپے اور پٹرول 500 روپے فی لٹر کرنا ہے۔ عوام کو دھوکہ دینے کے لئے ایک ہی بار پٹرول بم گرانے کے بجائے ہر رات بمباری کی جا رہی ہے۔ حکمران نہ اپنی گاڑیاں کم کرنے پر تیار ہیں اور نہ قافلوں کی صورت 6 سے 8 سلنڈر گاڑیوں کے استعمال سے گریز کرتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے درست کہا ہے کہ جب تک عوام خود باہر نکل کر ان حکمرانوں کا احتساب نہیں کریں گے یہ ہر روز ظلم ڈھاتے رہیں گے۔