وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بہبود آبادی کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی اصل ضمانت ہے، اس لیے آبادی پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور بہبودِ آبادی کے امور کو ایک قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی بھی خصوصی ہدایت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی اور معاشی استحکام کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بہبودِ آبادی کے اقدامات سے متعلق تمام صوبوں کے ساتھ روابط اور باہمی ہم آہنگی کو مزید بہتر بنایا جائے، جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی پر مؤثر انداز میں قابو پانے کے لیے عوامی سطح پر آگہی مہم کا آغاز کیا جائے جو اس مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
