کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار ) ضلع گجرات اور تحصیل کھاریاں میں مبینہ طور پر ملاوٹ شدہ اور کیمیکلز سے تیار کردہ دودھ کی فروخت کے حوالے سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں بڑی مقدار میں ایسا دودھ فروخت ہو رہا ہے جس کے معیار اور خالص ہونے پر بڑے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ اداروں، بالخصوص فوڈ اتھارٹی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ دودھ کے معیار کی جانچ کے لیے مؤثر اور فوری کارروائیاں کی جائیں، اور اگر کہیں بھی ملاوٹ ثابت ہو تو ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔ عوام کا مؤقف ہے کہ یہ غیر معیاری اور مضرِ صحت دودھ معصوم بچوں اور دیگر شہریوں کی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ بن سکتا ہے، اس لیے حکومت اور متعلقہ حکام عوامی صحت کے تحفظ کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنائیں اور ملاوٹ کے مکروہ دھندے کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
