آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور دو طرفہ سکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ نے علاقائی کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے سفارتی کردار اور بطور داعی امن خدمات کی بھرپور تحسین کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کی جانب سے باہمی خوشحالی اور علاقائی سکیورٹی کے تحفظ کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور مؤثر کو آپریٹو مکینزم کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید فروغ دینا ناگزیر ہے۔
