آزاد کشمیر میں انتخابات کا انعقاد وقت پر ہوگا : الیکشن کمیشن نے تمام افواہیں مسترد کر دیں

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہوں گے اور 27 جولائی کو الیکشن ملتوی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں بے بنیاد اور محض افواہیں ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اگر تاریخ میں تبدیلی کا کوئی ارادہ ہوتا تو اس کا اعلان ایک ماہ قبل کر دیا جاتا، لہٰذا اب اگلے سات دنوں میں انتخابات کا انعقاد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

​انتظامی امور کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ راولاکوٹ اور پلندری کے علاوہ ملازمین کی پولنگ معمول کے مطابق اور طے شدہ پروگرام کے تحت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے آزاد کشمیر میں ریٹرننگ افسران کو انتخابی مواد کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی گنجائش نہیں چھوڑی گئی۔

​امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ عوام اپنا حق رائے دہی بلا خوف و خطر استعمال کر سکیں۔ اس مقصد کے لیے پاک فوج، رینجرز اور کوئیک رسپانس فورس کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ انتخابی عمل کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

Exit mobile version