نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا نورین نیازی کو طلبی کا نوٹس جاری

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو 20 جولائی دن 12 بجے اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ ایجنسی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹے اور تضحیک آمیز بیانات کی تشہیر کی گئی ہے، جس کی وضاحت درکار ہے۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر نورین نیازی طلبی کے وقت پیش نہ ہوئیں تو یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے کے لیے کوئی ثبوت یا جواز موجود نہیں ہے۔

یاد رہے کہ نورین نیازی نے ایک انٹرویو کے دوران معرکہِ حق کو پاک فوج اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا گٹھ جوڑ قرار دیا تھا اور انتہائی متنازع الزامات عائد کیے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ سارا عمل اسرائیل کو تسلیم کرانے اور ابراہم ایکارڈ کی تکمیل کے لیے ایک "ڈرامہ” تھا۔ ان کے اس بیان پر حکومتی و عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا، جس کے بعد اب قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ان کے خلاف باضابطہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

Exit mobile version