ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایک تحریری بیان میں امریکہ پر ایران کے ساتھ معاہدوں کی بار بار خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کے دستخطوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کا غیر معقول رویہ، بدنیتی اور وعدہ خلافی اس کی ناقابلِ اعتماد ہونے کا ثبوت ہے۔ سپریم لیڈر نے خبردار کیا کہ امریکہ تنازع بڑھا کر خود کو مزید ذلت اور بھاری قیمت چکانے کی طرف دھکیل رہا ہے، اور ایران نے امریکہ کو ایسا سبق سکھانے کی تیاری کر رکھی ہے جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کا آمرانہ طرزِ عمل اس کی پالیسی کا حصہ ہے اور وہ خطے میں جنگیں پھیلانا چاہتا ہے۔ اس نازک موڑ پر انہوں نے ایرانی قوم اور حکام کو قومی یکجہتی برقرار رکھنے اور باہمی اختلافات سے گریز کرنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو اپنے رہنماؤں پر بھروسہ قائم رکھنا چاہیے کیونکہ امریکہ پر اعتماد کرنا ناممکن ہے، جس کا وتیرہ ہی غرور، خود پسندی اور خونخواری ہے۔
