نیتن یاہو کی نیویارک آمد پر گرفتاری کا امکان، میئر ظہران ممدانی قانونی مشاورت میں مصروف

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے آنے والے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے قانونی مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے ممدانی نے نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ‘دی ہیگ’ کی انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (ICC) کے وارنٹ کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں ہونا چاہیے۔ میئر ممدانی اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا وہ اپنے قانونی اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو گرفتاری کا حکم دینے کے مجاز ہیں یا نہیں۔

دوسری جانب، بن یامین نیتن یاہو نے اس دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے اسے اہمیت نہیں دی ہے۔ نیتن یاہو نے میئر ممدانی پر حماس کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی جمہوریت کی مذمت کر رہے ہیں جو امریکی اقدار کے ساتھ کھڑی ہے۔ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ممدانی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اسرائیل مخالف جذبات بالآخر امریکہ دشمنی کا ہی پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ واضح رہے کہ ممدانی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی نیتن یاہو کے نیویارک دورے پر ان کی گرفتاری کا عزم ظاہر کیا تھا۔

Exit mobile version