حکومت نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیشِ نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے مقرر کر دی گئی ہے، جن کا اطلاق 18 جولائی کی رات سے ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اب پیٹرولیم مصنوعات کو ڈی ریگولیٹ کر رہی ہے، جس کے تحت اب اوگرا (OGRA) روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کر کے انہیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گا۔
