وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی نے احتجاج کا غلط راستہ اختیار کیا ہے، کیونکہ آئینی و قانونی مسائل کا حل دھرنوں میں نہیں بلکہ قانون ساز اسمبلی میں موجود ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں ہونے والے الیکشن کے حوالے سے پُر اعتماد انداز اپناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور 12 نشستوں کا معاملہ اسمبلی بننے کے بعد وہاں زیرِ بحث لایا جائے۔
رانا ثناء اللہ نے ملکی دفاع اور دہشت گردی کے خلاف پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی پروگرام پاکستان کی بقا کی ضمانت ہے اور افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ اپنا بیان واپس لیں تو ان کی بڑائی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مقامی آبادی کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے بھی خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بیان شاید جوشِ خطابت کا نتیجہ ہو، اس کے پیچھے کوئی گہرا ایجنڈا دکھائی نہیں دیتا۔
