وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوششیں کامیاب: حکومت اور دھرنا کمیٹی کے درمیان معاہدہ طے

بلوچستان کے وزیرِاعلیٰ سرفراز بگٹی کی مفاہمتی کوششیں بار آور ثابت ہوئیں اور حکومت، شہدائے زیارت کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے مسودے پر فریقین کے اتفاق رائے کے بعد دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت زیارت واقعہ کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت ایک مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں اپوزیشن اور لواحقین بھی شریک ہوں گے۔

معاہدے کے اہم نکات میں شہدائے زیارت کو سرکاری طور پر شہداء کا درجہ دینا، لواحقین کو معاوضہ و کفالت کی فراہمی، بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری لینا اور سرکاری عمارتوں کو شہداء کے ناموں سے منسوب کرنا شامل ہے۔ مزید برآں، ریونیو سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنے کے لیے وزیرِ ریونیو کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اس موقع پر شہداء کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال کا عزم دہراتے ہوئے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Exit mobile version