ستمبر 12, 2026

قومی کرکٹر محمد نواز پر ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر پابندی، عارضی معطلی ختم

آئی سی سی نے اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر قومی آل راؤنڈر محمد نواز کو 3 ماہ کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے، تاہم بحالی پروگرام (ری ہیب) میں شرکت کی رضا مندی کے بعد ان کی عارضی معطلی ختم کر دی گئی ہے۔ محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ 7 فروری 2026 کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے بعد لیا گیا تھا جس میں ممنوعہ مادے کی موجودگی ثابت ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں 7 فروری سے یکم مئی 2026 تک ان کی تمام کارکردگی اور ریکارڈز کو بھی ڈس کوالیفائیڈ قرار دے دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق، اگر محمد نواز ری ہیب پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیتے ہیں تو ان کی نااہلی کی مدت 3 ماہ سے کم ہو کر صرف ایک ماہ رہ جائے گی۔ محمد نواز نے اعتراف کیا ہے کہ ممنوعہ مادہ کھیل سے باہر استعمال کیا گیا تھا اور اس کا مقصد کارکردگی میں اضافہ نہیں تھا۔ آئی سی سی نے اس پیش رفت کے بعد ان کی عارضی معطلی ختم کر دی ہے تاکہ وہ بحالی کے عمل پر توجہ مرکوز کر سکیں۔