منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے زیر تعمیر سرکٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار، فراہم کی جانے والی سہولیات اور مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے ہدایت کی کہ منصوبے کو اعلیٰ معیار، شفافیت اور طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکٹ ہاؤس کی تکمیل سے ضلع میں آنے والے سرکاری وفود اور معزز مہمانوں کو جدید اور معیاری رہائشی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے انتظامی امور کی انجام دہی میں بھی بہتری آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ تعمیراتی کاموں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں، معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
