پیرس: فرانس کی پارلیمنٹ کا لاعلاج مریضوں کے لیے ‘اسسٹڈ ڈائنگ’ بل منظور

فرانس کی پارلیمنٹ نے لاعلاج بیماریوں کے شکار بالغ افراد کے لیے موت کا آپشن (Assisted-dying) حاصل کرنے کا تاریخی بل منظور کر لیا ہے۔ اس قانون کے تحت انتہائی سخت شرائط پوری ہونے کی صورت میں درخواست گزار کو جان لیوا دوا فراہم کی جا سکے گی۔ بل کے مطابق، اگر مریض خود دوا استعمال کرنے کے قابل ہوا تو وہ خود کرے گا، بصورتِ دیگر ڈاکٹر یا نرس یہ ذمہ داری انجام دیں گے۔

فرانسیسی قانون کے مطابق، اس سہولت سے استفادہ کرنے کے لیے مریض کا فرانس کا شہری یا وہاں کا قانونی رہائشی ہونا لازمی ہے، جبکہ وہ ایسی سنگین یا جان لیوا بیماری کے آخری مرحلے میں ہو جس کا کوئی علاج ممکن نہ ہو۔ پارلیمنٹ میں بل کے حق میں 291 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 241 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ تاہم، اس قانون کے حتمی نفاذ کے لیے فرانس کی آئینی کونسل سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ اگر آئینی کونسل نے اسے منظور کر لیا تو فرانس ان ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا جہاں ‘اسسٹڈ ڈائنگ’ قانونی حیثیت رکھتی ہے، جن میں نیدرلینڈز، بیلجیم، سوئٹزرلینڈ اور کینیڈا شامل ہیں۔

Exit mobile version