کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں میں ‘قلم اور قیادت’ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سابق تحصیل ناظم کھاریاں چوہدری ندیم اصغر کائرہ نے کہا کہ انسان کو اپنے کردار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی اپنے کردار کو داغدار ہونے دینا چاہیے۔ انہوں نے قلم اور زبان کی طاقت سے سچ لکھنے اور سچ بولنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اپنے کردار اور سچائی پر مضبوطی سے قائم رہیں گے تو ان شاء اللہ زندگی کے کسی بھی میدان میں آپ کو کوئی ہرا نہیں سکے گا اور نہ ہی کبھی جھکا سکے گا۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ صحافت معاشرے کا وہ طاقتور اور اہم ستون ہے جو سچ کو سامنے لانے اور حق و انصاف کی آواز بلند کرنے کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ ایک حقیقی صحافی محض خبریں جمع کرنے والا نہیں ہوتا بلکہ وہ مظلوموں کی آواز اور بے سہارا لوگوں کے لیے امید کی کرن ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مظلوم کا ساتھ دینا صحافت کا بنیادی اصول ہے، تاریخ گواہ ہے کہ بے شمار صحافیوں نے حق اور سچ کے لیے اپنی جانوں تک کی قربانیاں دی ہیں مگر ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنا نہیں چھوڑا۔
ایک ذمہ دار صحافی ہمیشہ حقائق کو دیانت داری سے عوام تک پہنچاتا ہے تاکہ ظالم کا چہرہ بے نقاب ہو اور مظلوم کو انصاف مل سکے۔ آج کے دور میں میڈیا کا اثر و رسوخ بہت زیادہ ہے، اس لیے صحافیوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر قسم کے دباؤ، لالچ اور خوف سے بالاتر ہو کر مظلوم طبقے کی نمائندگی کریں اور ان کے مسائل کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں، کیونکہ حقیقی صحافت وہی ہے جو طاقتور کے سامنے سچ بولے اور کمزور و مظلوم کا دست و بازو بنے۔
