ایران کا امریکی وفد پر مالی مفادات کے حصول اور جانبداری کا الزام

ایک امریکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کو نجی پیغام میں خبردار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کُشنر مذاکراتی عمل کی آڑ میں اپنے مالی مفادات حاصل کر رہے ہیں۔ ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ دونوں افراد معاہدے کے بجائے اقتصادی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، جس کے نتیجے میں جون تک 9 ارب ڈالر کی مشکوک مالیاتی ہیرا پھیری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید برآں، ایرانی حکام نے کشنر اور وٹکوف پر مذاکرات کی تفصیلات اسرائیلی وزیراعظم اور سربراہِ موساد کو مسلسل فراہم کرنے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے ان الزامات کو ایرانی پروپیگنڈا قرار دے کر مسترد کر دیا ہے، تاہم نائب صدر کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے مذاکراتی ٹیم میں کشنر اور وٹکوف کی شمولیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور انہیں سفارتی تجربے سے عاری قرار دیا ہے۔

Exit mobile version