جولائی 16, 2026

ایرانی بارڈر پر 12 پاکستانی نوجوان اغوا، تاوان کا مطالبہ

انسانی اسمگلروں نے یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر 12 پاکستانی نوجوانوں کو ایران میں اغوا کر لیا ہے اور ان پر تشدد کر کے ویڈیوز کے ذریعے لواحقین سے فی کس 6 ہزار ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق ان نوجوانوں کو بلوچستان کے راستے ایران پہنچایا گیا تھا جہاں انہیں یرغمال بنا لیا گیا، تاہم خوش قسمتی سے 2 نوجوان، طلحہ اور شہزاد، بحفاظت تہران میں پاکستانی سفارت خانے پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں اور بازیابی کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا نوجوانوں کا سراغ لگانے کے لیے ایرانی حکام اور دیگر متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ ان نوجوانوں کو بازیاب کروا کر وطن واپس لایا جا سکے۔