کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) تحصیل کھاریاں شیخ محمد اقبال نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مقامی ڈیلر کے گودام پر چھاپہ مارا، جس کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی جعلی کھاد کی 12 بوریاں برآمد کر لی گئیں۔ محکمہ زراعت کی جانب سے برآمد ہونے والی جعلی کھاد کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
محکمہ زراعت کی ٹیم نے کارروائی کے بعد ڈیلر جواد اسلم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، اور اس سلسلے میں مقدمہ درج کرنے کے لیے تھانہ سٹی لالہ موسیٰ میں استغاثہ دائر کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسانوں کو جعلی زرعی مداخل کی فروخت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
