کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار ) ڈی پی او گجرات اختر فاروق کی سربراہی میں قیدیوں کی سیکیورٹی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے جائزے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قیدیوں کی جیل سے عدالتوں تک محفوظ منتقلی، پیشی کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات اور بخشی خانوں میں دستیاب بنیادی سہولیات جیسے اہم امور زیر بحث لائے گئے۔ اے ایس پی نجیب اللہ ننگیال نے متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی پی او اختر فاروق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ قیدیوں کی منتقلی کے دوران سیکیورٹی ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بخشی خانوں میں صاف پانی، پنکھوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ قانون اور انسانی حقوق کے تقاضوں کے مطابق قیدیوں کے ساتھ برتاؤ کیا جا سکے۔
