وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات برادر ملک سعودی عرب کے ابہا ائیرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کے قابلِ مذمت اقدامات سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات سے خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچنے کا شدید خدشہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اس نازک گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔
