کھاریاں: عطائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، غیر قانونی کلینک اور میڈیکل سٹور سیل

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار ) تحصیل کھاریاں میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ گجرات کی نگرانی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) کھاریاں ڈاکٹر اسامہ طاہر کی سربراہی میں عطائیت کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران اکیف کلینک (پرانا کوٹلہ)، زینب میڈیکل سٹور/کلینک (سرسالہ) اور بشیر کلینک (سرسالہ) کو موقع پر سیل کر دیا گیا، جہاں بغیر کسی مستند ڈگری یا قانونی اجازت کے مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا۔ معائنے کے دوران ان مراکز سے بھاری مقدار میں ادویات، استعمال شدہ سرنجیں اور انجیکشنز برآمد ہوئے، جبکہ زینب میڈیکل سٹور/کلینک میں ایک مریض کو ڈرپ لگائی جا رہی تھی۔ ضلعی ہیلتھ اتھارٹی نے تمام کیسز کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ عوام کی جانوں سے کھیلنے والے عطائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Exit mobile version