وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں ایف بی آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈائریکٹر ایف بی آئی کاش پٹیل سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں سائبر تحقیقات کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور اس ضمن میں جدید وسائل کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خصوصی تربیت کے حصول پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایف بی آئی کاش پٹیل نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک مل کر مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔ کاش پٹیل نے وزیر داخلہ کی میزبانی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے تعاون کو بھرپور انداز میں سراہا۔
