پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا ‘فتنۃ الہندوستان’ کے خلاف جاری آپریشن شعبان کے دوران فورسز نے مزید 4 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے، جس کے بعد اس آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 71 تک پہنچ گئی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک مجموعی طور پر 109 خوارج کو کیفر کردار تک پہنچایا جا چکا ہے، جبکہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں۔
دوسری جانب زیارت میں دہشت گردی کے المناک واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کا کوئٹہ اور زیارت میں دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے۔ حکومتی وفد کے ساتھ مذاکرات کے دو دور ہونے کے باوجود ڈیڈ لاک ختم نہ ہو سکا اور مظاہرین اپنے مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ سانحہ زیارت کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ واضح رہے کہ 7 جولائی کو مانگی کے علاقے میں دہشت گرد حملے میں 30 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے تھے، جن میں سے 8 شہداء کی میتیں تاحال دھرنے کے مقام پر رکھی گئی ہیں۔
