پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران پر امریکی حملوں کے حالیہ سلسلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل کا مطالبہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے تناؤ میں کمی کے لیے فوری اقدامات کریں۔
پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کا واحد راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے تحفظ اور ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو محدود کرنے کے نام پر نئے حملوں کا آغاز کر دیا ہے، جس سے خطے میں مزید غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
