مثبت صحافت ہی اصل صحافی کی پہچان ہے، اتفاق پریس کلب کھاریاں میں صرف ذمہ دار اور مثبت صحافت کے علمبرداروں کو شامل کیا جائے گا: صدر ڈاکٹر تصور حسین مرزا

سرائے عالمگیر( تحصیل رپورٹر ) اتفاق پریس کلب کھاریاں کا ماہانہ اجلاس گزشتہ روز نہایت خوشگوار اور باوقار ماحول میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر اتفاق پریس کلب کھاریاں ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے کی، جبکہ سرپرستِ اعلیٰ پیر عبدالقیوم چشتی گولڑوی نے اجلاس کی سرپرستی کی۔

اجلاس میں سرپرست افتخار بٹ، چیئرمین محفوظ احمد بٹ، بانی و قائد محمد سلمان قادری، آڈٹ آفیسر سید سجاد حیدر بخاری، جنرل سیکرٹری خان بختیار گل شہزاد، فنانس سیکرٹری محمد انعام الحق مرزا، وائس چیئرمین سید شہباز بخاری، چیئرمین شکایت سیل مظہر حسین ملک، وجاہت گل، نادر خان، شہباز جعفری سمیت دیگر عہدیداران و اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر اتفاق پریس کلب کھاریاں کے سابق سرپرستِ اعلیٰ اور ممتاز اوورسیز پاکستانی شخصیت مدثر اقبال بٹ کی خصوصی شرکت اجلاس کی اہمیت میں اضافے کا باعث بنی۔ اجلاس کے آغاز میں مدثر اقبال بٹ کی نانی مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جس کی امامت پیر سید سجاد حیدر بخاری نے کروائی۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے متعدد اہم تنظیمی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ سینئر صحافی، ممتاز کالم نگار اور ادبی شخصیت ظفر ڈار کو اتفاق پریس کلب کھاریاں کی تقریبات کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا، جبکہ سینئر صحافی نادر خان کو ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن نامزد کرنے کی بھی متفقہ منظوری دی گئی۔

اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے کہا کہ "مثبت صحافت ہی اصل صحافی کی پہچان ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ اتفاق پریس کلب کھاریاں کو ایسے صحافیوں کا پلیٹ فارم بنایا جائے جو سچائی، ذمہ داری، غیر جانبداری اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے تعمیری صحافت کو فروغ دیں۔” انہوں نے کہا کہ صحافت محض خبر رسانی کا نام نہیں بلکہ ایک قومی امانت اور سماجی ذمہ داری ہے، جو معاشرے کی اصلاح، عوامی مسائل کی مؤثر نشاندہی، انصاف کے فروغ اور قومی یکجہتی کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تجربے اور دیانت داری کے ذریعے پریس کلب کی تنظیمی فعالیت، صحافی برادری کے اتحاد، فلاح و بہبود اور مثبت صحافتی روایات کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

اجلاس میں آئندہ کی تنظیمی سرگرمیوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ یومِ آزادی پاکستان قومی جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا، جبکہ مقامی انتظامیہ سے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے باقاعدہ ملاقاتوں اور مشاورتی عمل کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر ایک اہم اور دور رس تنظیمی فیصلہ متفقہ طور پر منظور کیا گیا کہ اتفاق پریس کلب کھاریاں کے تمام موجودہ اور نئے ارکان کے لیے کسی مستند اخبار، نیوز چینل یا رجسٹرڈ میڈیا ادارے سے عملی وابستگی کا قابلِ تصدیق ثبوت پیش کرنا لازمی ہوگا، تاکہ ادارے کی پیشہ ورانہ ساکھ، شفافیت، نظم و ضبط اور صحافتی معیار کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے

Exit mobile version