کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ضلع گجرات اور کھاریاں میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے اور ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف فوڈ پوائنٹس پر 58 انسپیکشنز کی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر 6 فوڈ بزنسز کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 4 ہزار روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ مزید 18 فوڈ بزنسز کو صفائی اور دیگر انتظامات بہتر بنانے کے لیے سخت وارننگ اور بہتری کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
عوامی صحت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے اتھارٹی نے موقع پر ہی 1 کلوگرام ایکسپائرڈ اشیائے خورونوش اور 320 کلوگرام غیر معیاری و مضرِ صحت آئس بلاکس (برف) کو ضبط کرنے کے بعد موقع پر ہی تلف کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے، اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ملاوٹ مافیا کے خلاف یہ بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی سختی سے جاری رہیں گی۔
