حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد اب صوبہ 11 ڈویژنز اور 41 اضلاع پر مشتمل ہوگا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبائی حکومت نے قلات ڈویژن کو مکمل طور پر ختم کر کے دو نئے ڈویژنز ‘خضدار’ اور ‘لسبیلہ’ تشکیل دیے ہیں، جبکہ سبی ڈویژن کا نام تبدیل کر کے ‘سیوی’ رکھ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پشین کو بھی نیا ڈویژن بنایا گیا ہے، جس میں قلعہ عبداللہ، پشین، چمن اور نیا ضلع برشور شامل ہوں گے، جبکہ سیوی ڈویژن اب سیوی، ڈیرہ بگٹی ساؤتھ اور کچھی اضلاع پر مشتمل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے تحت کوئٹہ ڈویژن کی حدود میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اب یہ تین اضلاع پر مشتمل ہوگا۔ ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے الگ کر کے کوئٹہ میں شامل کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع کوئٹہ کو دو حصوں ‘کوئٹہ ایسٹ’ (بشمول سریاب، صدر اور سٹی سب ڈویژنز) اور ‘کوئٹہ ویسٹ’ (بشمول کچلاک، بروری اور پنجپائی سب ڈویژنز) میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ اب صوبے کے 11 ڈویژنز میں کوئٹہ، رخشان، مکران، نصیر آباد، ژوب، لورالائی، کوہ سلیمان، پشین، لسبیلہ، سیوی اور خضدار شامل ہیں۔
