موسلا دھار بارشوں سے دیامر میں تباہی: رابطہ پل اور فصلیں تباہ، ملک کے متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث داریل کے برساتی نالے میں شدید طغیانی آگئی ہے۔ اس سیلابی صورتحال کی وجہ سے مقامی فصلیں، واٹر چینل، رابطہ پل اور پن چکیاں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ آب پاشی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں آج رات اور کل بھی تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خطرہ ہے۔

شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالا، نارووال، پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق اس سال مون سون میں معمول سے زیادہ بارشوں کی توقع ہے، جس کی وجہ سے فلیش فلڈ، کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر چترال، سوات، دیر، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور تورغر کو انتہائی حساس اضلاع قرار دے دیا ہے۔

Exit mobile version