گجرات کے گاؤں بھدر کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں ہولناک ٹکر، ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

کھاریاں (طاہر اقبال) کھاریاں سے جلال پور جٹاں جانے والی شاہراہ پر گاؤں بھدر کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ بھدر کے قریب واقع گو پٹرول پمپ سے ملحقہ سڑک پر دو موٹر سائیکل سواروں کے درمیان تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ہولناک تصادم کے نتیجے میں 25 سالہ نوجوان شعیب اقبال ولد اظہر اقبال سکنہ چھوکر خورد سر میں گہری چوٹ لگنے کی وجہ سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دوسرے موٹر سائیکل سوار 15 سالہ نوجوان عبدالصادق ولد محمد صادق سکنہ بھدر کو شدید زخمی حالت میں تحصیل ہسپتال کھاریاں منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی نوجوان کے سر پر بھی گہری چوٹیں آئی ہیں جہاں اس کا علاج معالجہ اور جان بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور دونوں گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا ہے۔

Exit mobile version