کھاریاں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو، محلہ غلامانِ مصطفیٰ میں 2 روز سے بجلی بند، شہریوں کا شدید احتجاج

کھاریاں (طاہر اقبال) شہر اور اس کے گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ محلہ غلامانِ مصطفیٰ گزشتہ دو روز سے مسلسل بجلی کی بندش کا شکار ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے اس موسم میں بجلی نہ ہونے کے باعث بزرگ، خواتین، بچے اور مریض سخت اذیت سے دوچار ہیں اور تمام معمولاتِ زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ باسی کمپلین گروپ کو تھک گاؤں منتقل کیے جانے کے بعد سے بجلی کی خرابیوں کے ازالے میں غیر معمولی تاخیر اب ایک معمول بن چکی ہے، جس سے صارفین شدید ذہنی کرب میں مبتلا ہیں۔

اہلِ علاقہ نے چیف ایگزیکٹو گیپکو، ایس ای کھاریاں سرکل، ایکسین، ایس ڈی او واپڈا اور ضلعی انتظامیہ سمیت منتخب عوامی نمائندوں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محلہ غلامانِ مصطفیٰ کی بجلی بلا تاخیر بحال کی جائے اور باسی کمپلین گروپ کو دوبارہ اس کے سابقہ مقام پر منتقل کیا جائے۔ شہریوں نے بآور کروایا ہے کہ اگر اس سنگین مسئلے کو فوری حل نہ کیا گیا تو عوام کا اضطراب مزید بڑھے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں اور حکام پر عائد ہوگی۔

Exit mobile version