مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی قومی، جمہوری اور تاریخی خدمات مشعلِ راہ ہیں، نورین اشفاق راجہ گجرات

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار)سیاسی و سماجی رہنمامحترمہ نورین اشفاق راجہ گجرات نے کہا ہے کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی قومی، جمہوری اور تاریخی خدمات ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 9 جولائی ہمیں اس عظیم خاتون کی بے مثال جدوجہد، اصول پسندی اور پاکستان سے غیر متزلزل محبت کی یاد دلاتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں نورین اشفاق راجہ گجرات نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناحؒ نے تحریکِ پاکستان کے دوران قائداعظم محمد علی جناحؒ کے شانہ بشانہ رہ کر برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے حصول میں تاریخی کردار ادا کیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد بھی انہوں نے جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے ہمیشہ توانا آواز بلند کی، جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت کا کردار خواتین کے لیے حوصلے، خود اعتمادی اور قومی خدمت کی روشن مثال ہے۔ آج کی نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ فاطمہ جناحؒ کی زندگی، افکار اور اصولوں سے رہنمائی حاصل کرے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرے۔

نورین اشفاق راجہ گجرات نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اتحاد، دیانت، قانون کی پاسداری اور قومی خدمت جیسے ان سنہری اصولوں کو اپنانا ہوگا جن پر مادرِ ملت نے ہمیشہ عمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے عظیم محسنوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

آخر میں نورین اشفاق راجہ گجرات نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے افکار و کردار پر عمل کرتے ہوئے ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

Exit mobile version