بھارت ہمارا اپنا ملک اور ہمارا ڈی این اے ایک ہی ہے، افغان وزیر زراعت مولوی عطااللہ عمری کا دہلی میں بیان

افغانستان کے وزیر زراعت، آبپاشی و لائیو اسٹاک مولوی عطااللہ عمری ان دنوں بھارت کے اہم سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے نئی دہلی میں مختلف اعلیٰ بھارتی حکام اور وزیر خارجہ سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ اپنے اس پہلے دورۂ بھارت کے دوران نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغان وزیر نے بھارتی حکومت اور عوام کی جانب سے ملنے والے والہانہ استقبال پر گہرے تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پہنچنے کے پہلے ہی دن سے ان کا نہایت گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، جس نے دونوں ممالک کے مابین گہرے تعلقات کو مزید نمایاں کیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران افغان وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت میں انہیں بالکل ایسا محسوس ہوا جیسے وہ اپنے ہی لوگوں کے درمیان موجود ہوں اور یہ ان کا اپنا ہی ملک ہو۔ ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مولوی عطااللہ عمری نے جذباتی انداز میں کہا کہ "ہمارا اور آپ کا ڈی این اے ایک ہی ہے”۔ واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد بھی دونوں ممالک کے مابین سفارتی اور تجارتی رابطوں کا سلسلہ نظر آتا ہے اور اس سے قبل بھی کئی افغان رہنما بھارت کے دورے کر چکے ہیں۔

Exit mobile version