سعودی عرب کا پاکستان سمیت 7 ممالک کے لیے ‘سیاحتی پیکج ویزا’ جاری کرنے کا بڑا اعلان

سعودی عرب نے اپنی سیاحتی پالیسیوں میں بڑی نرمی کرتے ہوئے پاکستان سمیت سات ممالک کے شہریوں کے لیے خصوصی سیاحتی پیکجز کے ویزا کا باقاعدہ اجرا کر دیا ہے۔ سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے اس حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب نے اپنے اہم اقتصادی منصوبے ‘وژن 2030’ کے آغاز ہی سے دنیا بھر کے سیاحوں کے سفر کو آسان بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے، اور ان سفری سہولتوں میں الیکٹرانک سیاحتی ویزا، آمد پر ویزا (ویزا آن ارائیول) اور ٹرانزٹ ویزا کی فراہمی شامل ہے تاکہ عالمی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔

وزارت سیاحت کے مطابق، اس سلسلے میں اب ایک نئی آزمائشی سروس کے تحت ‘سیاحتی پیکج ویزا’ متعارف کرایا گیا ہے، جس کی سہولت ابتدائی طور پر پاکستان، بھارت، بنگلادیش، مصر، انڈونیشیا، میکسیکو اور اردن کے شہریوں کو دستیاب ہوگی۔ اس نئی سروس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ان ممالک کے شہری جیسے ہی سعودی عرب کا کوئی بھی منظور شدہ سیاحتی پیکج خریدیں گے، تو اس خریداری کے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کے اندر اندر ان کا ویزا ڈیجیٹل طور پر جاری کر دیا جائے گا۔

Exit mobile version