مصری فٹبال فیڈریشن نے فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کے خلاف میچ کے دوران ہونے والے متنازع فیصلوں پر عالمی فٹبال گورننگ باڈی (فیفا) سے باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔ مصری فیڈریشن نے فرانسیسی ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر اور وی اے آر (VAR) حکام کے خلاف فوری تحقیقات شروع کرنے اور انہیں ورلڈ کپ سے باہر نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مصر کا الزام ہے کہ ریفری اور وی اے آر نے سنگین غلطیاں، دوہرا معیار اور امتیازی سلوک اپنایا، جس کے باعث مصر کو ورلڈ کپ سے باہر ہونا پڑا۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا کے خلاف میچ کے دوسرے ہاف میں مصر کا ایک گول تقریباً 100 گز دور ہونے والے ایک مبینہ فاؤل کی بنیاد پر منسوخ کیا گیا، جبکہ میچ کے آخری لمحات میں ارجنٹینا کے کھلاڑی کی جانب سے مصری کپتان محمد صلاح کو گرا دیے جانے اور ایک اور موقع پر پنالٹی شوٹ نہ دیے جانے پر بھی ریفری نے فاؤل نہیں دیا۔ ان متنازع فیصلوں پر مصری کھلاڑی، مداح اور ہیڈ کوچ حسام حسن شدید برہم نظر آئے، جنہیں احتجاج کرنے پر ریفری نے یلو کارڈ بھی دکھایا۔ ان تمام تنازعات کے باوجود ارجنٹینا نے دوسرے ہاف میں 3 گول داغ کر مصر کو 2-3 سے شکست دی اور کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی ریفری کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔





