جولائی 12, 2026

بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ ویڈیو کا معاملہ: آئی سی سی نے ای سی بی سے باضابطہ وضاحت طلب کر لی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بین اسٹوکس کی ڈریسنگ روم میں کی گئی ریٹائرمنٹ تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر نشر کرنے کے معاملے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے باضابطہ وضاحت طلب کر لی ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویڈیو ٹیسٹ میچ کے باضابطہ اختتام سے پہلے نشر کی گئی، جو کہ کھیل کے دوران ڈریسنگ روم کی آڈیو اور ویڈیو جاری کرنے سے متعلق آئی سی سی کے ضوابط کی واضح خلاف ورزی ہے۔

اگرچہ بین اسٹوکس نے ساتھی کھلاڑیوں کو اپنی ریٹائرمنٹ سے آگاہ کرنے والی یہ جذباتی تقریر میچ شروع ہونے سے قبل کی تھی، تاہم آئی سی سی قوانین کے مطابق ڈریسنگ روم کے اندر ریکارڈ کی گئی کوئی بھی ویڈیو میچ ختم ہونے سے پہلے پبلک نہیں کی جا سکتی۔ ای سی بی کی جانب سے اس ریکارڈنگ کو وقت سے پہلے جاری کرنے پر آئی سی سی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ضابطے کی خلاف ورزی پر جواب طلب کر لیا ہے۔