جولائی 12, 2026

امریکا، کینیڈا اور یورپ میں بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن؛ جیل میں قید لارنس بشنوئی گینگ کا سرغنہ نکلا

امریکا، کینیڈا اور یورپ میں بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف ایک بہت بڑا بین الاقوامی کریک ڈاؤن کیا گیا ہے، جس کے دوران 24 ملزمان کو گرفتار جبکہ 37 پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس تاریخی آپریشن کو ‘HARD BALL’ کا نام دیا گیا تھا، جس کا بنیادی ہدف بھتا خوری، منشیات اسمگلنگ، ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث تین بڑے بھارتی جرائم پیشہ گروہ تھے۔ کارروائی کے دوران عالمی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تقریباً ایک ہزار کلوگرام کوکین، ایک کلوگرام ہیروئن، بھاری نقد رقم اور جدید اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔ ایف بی آئی کے لاس اینجلس فیلڈ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گرینڈی نے بتایا کہ ان منظم گروہوں نے کیلیفورنیا اور دیگر مغربی علاقوں میں مقیم مشرقی بھارتی کمیونٹی میں تشدد، خوف اور عدم استحکام کو فروغ دے رکھا تھا۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق جن ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، ان میں دو ایسے خطرناک ملزمان بھی شامل ہیں جو بھارت کی جیلوں میں قید ہونے کے باوجود وہاں سے اپنے عالمی مجرمانہ نیٹ ورکس چلا رہے تھے۔ حکام نے انکشاف کیا کہ اس گینگ کا مبینہ سرغنہ لارنس بشنوئی ہے، جو بھارت کی جیل سے سیٹلائٹ فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے ان عالمی مجرمانہ کارروائیوں کی ہدایات دیتا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سکیورٹی اداروں کو اب بھی 10 مفرور ملزمان کی تلاش ہے، جن میں سے ایک یورپ، سات امریکا اور دو بھارت میں روپوش ہیں۔