لاہور: غیر ملکی خواتین کے اغوا اور زیادتی کیس میں رضا ڈار سمیت 4 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع

لاہور کی مقامی عدالت نے دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار چار ملزمان رضا ڈار، سکندر خان، حسن رضا اور ساجد علی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید پانچ روز کی توسیع کر دی ہے۔ لاہور پولیس نے ملزمان کا سابقہ ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود کی عدالت میں پیش کیا۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے لیپ ٹاپ، اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرنی ہے، اس لیے ان کا مزید نو دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

دوسری جانب ملزم سکندر اور ساجد کے وکیل سلمان شاہد نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ساجد ایک سکیورٹی گارڈ اور غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہے جبکہ سکندر کا اپنا ذاتی کاروبار ہے، دونوں ملزم ایف آئی آر میں نامزد نہیں تھے بلکہ انہیں صرف ضمنی بیان کی روشنی میں گرفتار کیا گیا ہے۔ وکیل صفائی نے الزام عائد کیا کہ بڑے ملزمان کو بچانے کے لیے غریبوں کو پھنسایا جا رہا ہے اور مرکزی ملزم جو کہ ‘باس’ ہے، اسے ابھی تک عدالت میں پیش ہی نہیں کیا گیا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کا مزید پانچ دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔

Exit mobile version