افغانستان میں 25 سے زائد دہشتگرد تنظیمیں سرگرم ہیں، خاتمہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوامِ متحدہ (یو این) کے ہیڈ کوارٹر میں روسی اور چینی ہم منصبوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی تعاون کو بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی ہم منصب سے گفتگو کے دوران افغانستان میں دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا، جہاں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اس وقت 25 سے زائد دہشتگرد تنظیمیں سرگرم ہیں اور ان انتہا پسند تنظیموں کا خاتمہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب چینی ہم منصب کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں بارڈر مینجمنٹ، غیر قانونی امیگریشن اور انسدادِ منشیات سے متعلق معاونت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کی فنڈنگ کو ہر سطح پر روکنا ناگزیر ہے اور پاکستان چین کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی فول پروف حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی ‘اسپیشل پروٹیکشن پولیس فورس’ بھی قائم کر دی گئی ہے۔

Exit mobile version