ڈنگہ (پ۔ ر) ڈنگہ کو حق دو تحریک کے سربراہ‘ امیر جماعت اسلامی ڈنگہ سٹی حافظ ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا ہے کہ تحصیل اور ڈنگہ انتظامیہ بارشی پانی میں گزشتہ سال کی طرح ڈوبنے کا انتظار مت کرے اور فوری طور پر سیم نالے‘ نکاسی آب کے نالوں کو ہنگامی طور پر صاف کرے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ موسم برسات میں ڈنگہ کے 6 سے زائد محلے مکمل طور پر اور 5 جزوی طور پر بارش کے باعث تباہ ہوئے۔ مکانوں میں پانی گھس گیا۔ کئی مکان گر گئے اور ایک بچے کی قیمتی جان بھی ضائع ہو گئی۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ انتظامیہ اس سے سبق سیکھتی اور بارشوں سے قبل کوئی جامع لائحہ عمل تیار کرتی مگر تا حال کوئی ایسا کام ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ صرف کاروائی کرنے پر اکتفا کیا جا رہا ہے۔ حافظ ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا کہ نئی سڑکوں کی بلند تعمیر کے باعث کئی محلے بارشوں میں زد میں آئیں گے۔ کیونکہ انتظامیہ نے کبھی پلنتھ لیول نکال کر نکاسی آب کے نالے تعمیر کرنے کی زحمت نہیں کی۔ پرانے نالے سڑ ک کی تعمیر اور دکانوں کے گرنے سے بند ہو چکے جبکہ نئے نالے تا حال فعال نہیں ہوئے۔ اس کے منفی اثرات شہریوں پر بارش میں نظر آئیں گے۔
تحصیل انتظامیہ ڈنگہ کو ڈوبنے کا انتظار نہ کرے، نالوں کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر کی جائے: حافظ ڈاکٹر محمد ادریس
