کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈاکٹر اقصی شبیر نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) گوجرانوالہ کی چیئرپرسن کے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر رشید احمد بھٹی، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ندیم احمد، ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن آفیسر عاطف امداد تارڑ، آڈٹ آفیسر ضیاء المرتضیٰ فاروقی سمیت دیگر افسران اور اہلکاروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ استقبالیہ ملاقات کے دوران افسران نے نئی چیئرپرسن کو بورڈ کے انتظامی، تعلیمی اور امتحانی امور پر بریفنگ دی اور ان کی قیادت میں بورڈ کی ترقی، شفافیت اور میرٹ کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔
ڈاکٹر اقصی شبیر نے افسران اور ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بورڈ میں شفاف، مؤثر اور طلبہ دوست نظام کے فروغ کے لیے کام کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیاری امتحانی نظام، بہترین انتظامی اقدامات اور گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کی مجموعی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔





