زیارت: مانگی میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ، 9 اہلکار شہید، 5 کو اغوا کر لیا گیا، وزیر داخلہ کی شدید مذمت

کوئٹہ/ زیارت: بلوچستان کے علاقے زیارت (مانگی) میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے پولیس چوکی پر بزدلانہ حملہ کیا گیا ہے، جس میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ایس پی زیارت عبدالقدوس کے مطابق، واقعے کے بعد شہید پولیس اہلکاروں کی پاکیزہ میتیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور چوکی پر موجود 5 پولیس اہلکاروں کو اپنے ساتھ اغوا کر کے لے گئے ہیں، جن کی بحفاظت بازیابی اور دہشت گردوں کے تعاقب کے لیے علاقے میں ہنگامی بنیادوں پر سرچ آپریشن اور مؤثر اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیارت میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے اس سفاکانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 9 پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے شہداء کے سوگوار لواحقین سے دلی ہمدردی اور گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی لازوال قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی اور دشمن کے ایسے بزدلانہ حملے امن کے قیام کے لیے ہمارے عزم کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔

Exit mobile version