سعودی عرب کی جانب سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بڑی اور غیر متوقع کمی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت سرکاری تیل کمپنی آرامکو آئندہ ماہ سے ایشیائی ممالک کے لیے اپنے عرب لائٹ خام تیل کی قیمتوں میں واضح کٹوتی کرنے جا رہی ہے۔ بلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے فیصلہ کیا ہے کہ ایشیا کے لیے عرب لائٹ خام تیل کی قیمت میں 11 ڈالر فی بیرل کی بڑی کمی کی جائے گی، جس کے بعد اب یہ خام تیل علاقائی معیار (بیس مارک) سے تقریباً 1.50 ڈالر فی بیرل کی خصوصی رعایت پر خریداروں کے لیے دستیاب ہوگا۔
تیل کی قیمتوں میں کی جانے والی یہ حالیہ اور غیر معمولی کٹوتی معاشی ماہرین اور مارکیٹ کے اندازوں سے کہیں زیادہ دیکھی جا رہی ہے کیونکہ بلومبرگ کے اپنے ایک حالیہ سروے میں یہ توقع ظاہر کی گئی تھی کہ آرامکو کی جانب سے قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ 8 ڈالر فی بیرل تک کی کمی کی جا سکتی ہے، تاہم سعودی عرب کا یہ باقاعدہ فیصلہ مارکیٹ کی توقعات سے بھی 3 ڈالر زیادہ کی بچت لے کر سامنے آیا ہے جس سے ایشیائی منڈیوں پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
