نیٹو سمٹ سے قبل روس کا یوکرین پر ہولناک میزائل حملہ، کیف میں تباہی، 24 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی

روس نے اہم نیٹو سمٹ سے عین ایک دن قبل پیر کے روز یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے مضافاتی علاقوں میں رہائشی عمارتوں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ یوکرینی حکام کے مطابق روس کی جانب سے مسلسل دوسرے ہفتے کیے گئے اس شدید حملے کے دوران کیف کے پوڈلسکی ضلع میں ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت بری طرح تباہ ہو کر دو حصوں میں بٹ گئی، جبکہ بیلسٹک میزائل الرٹ کے دوران دارالحکومت 10 سے زائد خوفناک دھماکوں سے گونج اٹھا۔ رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں کیف شہر کے اندر 16 افراد جبکہ مضافاتی علاقے وِشنِیوے میں مزید 8 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس پر یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے اس کارروائی کو "بہیمانہ حملہ” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس کا مقصد یوکرینی عوام کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا ہے۔

انقرہ میں ہونے والی نیٹو سمٹ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متوقع ملاقات سے قبل، صدر زیلنسکی نے افسوس کا اظہار کیا کہ جدید دنیا اب تک بیلسٹک دہشت گردی کو روکنے میں ناکام رہی ہے، اس لیے انہوں نے نیٹو ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ یوکرین کو امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام فراہم کر کے اس کے دفاع کو مضبوط بنائیں۔ دوسری جانب نیٹو کے سربراہ مارک روٹے نے انقرہ سے بیان جاری کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ اتحادی ممالک یوکرین کی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں گے کیونکہ یہ ایک ہفتے کے دوران دوسرا بڑا حملہ تھا جس میں روس نے بیلسٹک میزائل استعمال کیے۔ واضح رہے کہ نیٹو ممالک کا یہ اہم اجلاس 7 سے 8 جولائی کو انقرہ میں ہو رہا ہے جہاں یوکرین کے فضائی دفاع سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

Exit mobile version