اسلام آباد پولیس نے نائنتھ ایوینیو پر ایک خاتون کو اغوا اور حیوانیت سے بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے بہادر حاضر سروس افسر گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قاتل سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے علاقے سے گرفتار کر لیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یہ تشویش ناک اور چیلنجنگ کیس تھا جس کی تحقیقات کے لیے 11 ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے ملزم کو واقعے کے 9 گھنٹوں کے اندر دبوچ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم اور متاثرہ خاتون ایک ہی علاقے میں رہتے اور آفس کولیگ تھے، ملزم اسے کام پر لے جانے کے بہانے راستہ تبدیل کر کے زبردستی پارک لے جانا چاہتا تھا جس پر خاتون نے مزاحمت کی اور موٹر سائیکل سے اترنے کی کوشش کے دوران ملزم ان کا ہاتھ کھینچ رہا تھا، اسی دوران وہاں سے گزرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق نے ذمہ دار شہری کے ناتے گاڑی روک کر بروقت مداخلت کی اور بیچ بچاؤ کروا کر خاتون کو محفوظ کیا۔ خاتون کو دوسری طرف بھاگتا دیکھ کر ملزم سعد نے پہلے گروپ کیپٹن سے بدکلامی کی اور پھر آگے جا کر یوٹرن لیا اور ان پر فائرنگ کر دی، جس سے گروپ کیپٹن عاصم طارق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے جبکہ ملزم فرار ہو گیا تھا، تاہم اب پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے اور آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ قانون کے تمام تقاضے پورے کر کے ملزم کو سخت سزا دلائی جائے گی۔
اسلام آباد میں خاتون کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کا قاتل 9 گھنٹوں میں گرفتار
