وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا و زیادتی کے معاملے کو خواہ مخواہ اچھالا جا رہا ہے اور ایک نان ایشو کو ایشو بنا کر اسے کھینچ تان کر اسحاق ڈار کی طرف لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہر انسان اپنے قول و فعل کا خود ذمہ دار ہے اور ایک گھٹیا ذہن خاص مقصد کے لیے اس معاملے کو اچھال رہا ہے، جبکہ خواتین کا دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ ہو چکا ہے جو ملزموں کو سزا دلانے کے لیے کافی ہے اور انویسٹی گیشن ایجنسی کے پاس مکمل شواہد موجود ہونے کی وجہ سے مقدمہ چلانے کے لیے اور کسی چیز کی ضرورت نہیں، تاہم ضرورت پڑنے پر غیرملکی خواتین کو بلایا جا سکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے فیصل واوڈا کی جانب سے نائب وزیراعظم کا استعفیٰ مانگنے کو بھی انتہائی بے بنیاد قرار دیا، دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق لاہور میں غیرملکی لڑکیوں کی تلاش کے دوران ملزم کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تو لڑکیاں گاڑی سے نکل کر قریبی اسٹور میں چلی گئیں جہاں پولیس نے پہنچ کر انہیں تحویل میں لے لیا جبکہ ملزم فرار ہو گیا، اور اب تک اس کیس میں 8 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
