گلیانہ (انصر فاروق مغل) گجرات کے تھانہ سٹی جلالپور جٹاں کی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران خود کو پاک فوج کا افسر ظاہر کر کے شہری سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے نوسرباز ملزم محسن انصار بھٹی کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزم نے جعلی فوجی وردی میں ملبوس اپنی تصاویر بھیج کر شہری کا اعتماد حاصل کیا اور اس کے بیٹے کو ملٹری کالج جہلم میں داخلہ دلوانے کا جھانسہ دے کر 12 لاکھ روپے ہتھیا لیے، جس پر متاثرہ شہری کی درخواست پر دھوکہ دہی اور فراڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی پی او گجرات اختر فاروق کا کہنا ہے کہ شہریوں کو لوٹنے والے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ترجمان گجرات پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ شخص کے جھانسے میں آنے سے گریز کریں اور ایسی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
گجرات میں پاک فوج کا جعلی افسر بن کر لاکھوں روپے بٹورنے والا نوسرباز پولیس کی بروقت کارروائی میں گرفتار
