پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے بابر اعظم کو دوبارہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ اسکواڈ کا اعلان سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے اسد شفیق اور سابق کپتان مصباح الحق کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ 16 رکنی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم کے ساتھ شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللّٰہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان شامل ہیں۔
باؤلنگ اور آل راؤنڈ شعبے میں ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ تاہم، مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔ عاقب جاوید نے ٹیم کی تشکیل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کا مقصد ہر فارمیٹ کی ضروریات اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین انتخاب کرنا ہے۔ قومی ٹیم اپنے دورے کا آغاز 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم اپ میچ سے کرے گی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں کھیلا جائے گا۔
