کارگل کی جنگ میں دشمن کے چھکے چھڑانے والے پاک فوج کے عظیم سپوت اور نشانِ حیدر پانے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی آج 27 ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ 5 جولائی 1999ء کو کارگل کے کٹھن اور برفانی محاذ پر دشمن کی جارحیت کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے اس جری جوان کی جرأت اور دلیری کو آج پوری قوم سلام پیش کر رہی ہے۔ کیپٹن کرنل شیر خان نے اپنی عسکری مہارت اور بے مثال شجاعت سے وطنِ عزیز کی سرحدوں کا دفاع کرتے ہوئے تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھوایا۔
برسی کے اس پروقار موقع پر شہید کے مزار پر صبح سویرے خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جہاں ان کی یاد میں پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی۔ اس موقع پر پاک فوج کا چاک و چوبند دستہ شہید کو گارڈ آف آنر پیش کرے گا اور ملک و ملت کے لیے دی جانے والی ان کی اس عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
