سرائے عالمگیر( ڈاکٹر تصور حسین مرزا) تھانہ سٹی سرائے عالمگیر پولیس نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ دہی اور امانت میں خیانت کے مقدمے میں ملوث نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایچ او انسپکٹر راحیل عارف نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ جدید تفتیشی طریقہ کار اور پیشہ ورانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے اس کارروائی کو سرانجام دیا، جو مدعی مقدمہ محمد رفیق کی جانب سے دائر کی گئی قانونی درخواست پر عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے اب تک 9 لاکھ 50 ہزار روپے کی خطیر رقم برآمد کر لی ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں اور بقیہ رقم کی برآمدگی کے لیے ملزم سے مزید تفتیش کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
اس کامیاب کارروائی پر ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کی بہترین کارکردگی کو داد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہریوں کے ساتھ فراڈ، دھوکہ دہی اور مالی خرد برد میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گجرات پولیس ضلع بھر کے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی مجرم کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
